Showing posts with label Insomnia. Show all posts

دن بھر تروتازہ رہنے کے 6 مفید ٹوٹکے

ماہرین نے 6 ایسے نسخے پیش کیے ہیں جو پورے دن آپ کو تروتازہ اور چوکنا رکھتے ہیں تاکہ آپ غنودگی سے محفوظ رہتے ہوئے اپنے کام باآسانی انجام دے سکیں.


1- کمرے میں اندھیرا نہ ہو:
خواب گاہ یا کمرے میں ایسا انتظام رکھیں کہ صبح ہوتے ہی روشنی آپ تک پہنچے۔ اگر ممکن ہو تو کمرے کی کھڑکیاں کھول کر سوئیں تاکہ تازہ ہوا اندر آتی رہے جو صحت کے لیے فرحت بخش ہوتی ہے۔ صبح بیدار ہونے کے لیے روشنی خصوصی اہمیت رکھتی ہے اور یہی روشنی نیند کو باقاعدہ بناتی ہے۔ اندھیرا نیند لاتا ہے تو روشنی بیدار کرنے میں مدد دیتی ہے۔

2- ٹھنڈے پانی سے غسل:
ٹھنڈے پانی سے غسل کرنے کے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ پانی دماغ کے بعض حصوں کو جگا کر بیداری کو ممکن بناتا ہے اور یوں تھکاوٹ اور غنودگی کم ہوجاتی ہے کیونکہ اس سے جسم کا میٹابولزم کا نظام بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹھنڈا پانی بدن کے اعصابی نظام کو متحرک کرتا ہے جس کا اثر پورے دن رہتا ہے لیکن ہرگز یہ عمل سردیوں میں نہ کریں کیوں کہ اس سے آپ کی صحت پر منفی اثرات بھی پڑھ سکتے ہیں۔

3- پانی کا زیادہ استعمال:
صبح برش کرنے کے بعد ایک سے 2 گلاس پانی پی لیں اس کی وجہ یہ ہے کہ نیند کے 8 گھنٹے تک آپ پانی نہیں پیتے اور پسینے وغیرہ سے بدن میں پانی کی قلت ہوجاتی ہے۔ پانی کی کمی دماغ کو شدید متاثر کرتی ہے جب کہ مناسب مقدار میں پانی نہ پینے سے دماغی ارتکاز اور جسمانی پھرتی کم ہوجاتی ہے۔ اس لیے پانی کا بھرپوراستعمال کریں۔

4- صحت سے بھرپور ناشتہ:
ناشتہ دن کا سب سے اہم کھانا ہے جس کی اہمیت ہر روز بڑھتی جارہی ہے اس لیے کوشش کریں کہ میٹھی اشیا کم کھائیں اور اس کی بجائے ریشے (فائبر) اور کاربوہائیڈریٹ والی خوراک کا استعمال کریں کیونکہ انہیں کھانے سے بدن چست اور توانا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ دلیہ، سیریلز اور ایسی ہی دیگر اشیا کا ناشتہ بہت مؤثر رہتا ہے جو بھوک دیر سے لگاتا ہے اور آپ کو توانا اور چاق و چوبند رکھتا ہے۔ آپ کو میٹھی اشیا مثلاً ڈونٹس وغیرہ نہ کھانے کا مشورہ اس لیے دیا جارہا ہے کہ مٹھاس کی توانائی جلدی ختم ہوجاتی ہے اور بھوک جاگ جاتی ہے جس کا نتیجہ جسمانی سستی کی صورت میں نکلتا ہے۔

5- نارنجی کا رس:
اگرصبح ایک گلاس اورنج جوس پی لیا جائے تو یہ صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ کھٹے رسیلے پھلوں میں فلیونوئڈز پائے جاتے ہیں جو نہ صرف دماغ کو حاضر رکھتے ہیں بلکہ یادداشت بہتر بنانے سمیت جسمانی ردِعمل کو بھی مؤثر بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھول اور نسیان کے امراض کو بھی کم کرتے ہیں۔

6- ورزش:
صبح کی تیز واک کا کوئی متبادل نہیں۔ صبح کی ورزش پورے دن مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ اس لیے صبح واک کریں اور تیز قدموں سے کم ازکم 30 سے 40 منٹ تک واک کریں کیونکہ اس سے دماغ کا ایک حصہ ہپوکیمپس بہت سرگرم ہوتا ہے اور یہ گوشہ یادداشت اور سیکھنے کے عمل میں اپنا اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ایسے 5 کام جو کوشش کی جائے تو نیند کے دوران بھی سیکھے جاسکتے ہیں

نفسیات کی رو سے انسانی دماغ نیند کے دوران بھی اہم کام سیکھتا رہتا ہے جس پر تحقیق کے بعد ماہرین کا خیال ہے کہ یہ نئی زبان سیکھنے سے لے کر تمباکو نوشی جیسی بری عادات کو چھوڑنے میں بھی مددگار ہوتا ہے۔


نئی زبانیں سیکھنا:
2014 میں جرمنی میں کی گئی تحقیق میں جب طالب علموں کو ولندیزی (ڈچ) الفاظ کو دوبارہ ان کی نیند میں سنایا تو وہ بہتر طور پر یاد رہے اور انہیں دُہرانے میں بھی آسانی ہوئی۔ تحقیق کرنے والے ماہر کا خیال ہے کہ کوئی بھی اسے اپنا سکتا ہے۔ انہوں نے 60 طالب علموں کو رات 10 بجے ڈچ اورجرمن زبانوں کے الفاظ کے جوڑے یاد کرنے کو کہا اس کے بعد سونے والے آدھے طالب علموں کو نیند کےدوران وہی الفاظ دوبارہ سنائے گئے، صبح جب ٹیسٹ لیے گئے تو نیند میں الفاظ سننے والے طالب علموں نے الفاظ کے جوڑوں کو دوسروں کے مقابلے میں اچھی طرح دُہرایا۔ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ نیند کے دوران ہمارا دماغ ازخود رات کو پڑھی ہوئی معلومات پر توجہ دیتا ہے۔

آلاتِ موسیقی پر کمال حاصل کیجئے:
کسی نئے آلہ موسیقی کو سیکھنا بسا اوقات مہینوں اور سالوں کی محنت چاہتا ہے لیکن نیند میں بھی اس پر مہارت حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے لیے رضاکاروں کوسونے سے قبل اور نیند میں وہ گانا سنایا گیا جسے وہ سیکھ رہے تھے جب کہ دوسرے گروہ کو نیند میں کچھ بھی نہیں سنایا گیا۔ اسی طرح نئے آلاتِ موسیقی سیکھنے والے افراد کو جب نیند میں اس کی دھن سنائی گئی تو انہوں نے اگلے دن وہی دھن یا لے بجانے میں کم غلطیاں کیں۔ اس سے ثابت ہوا کہ گانا ہو، دھن ہو یا نیا آلہ موسیقی ہو، جب اسے سونے والے کو سنایا جائے تو نیند میں بھی ذہن اسے بہت اچھی طرح سیکھتا ہے۔

نئی معلومات سیکھنے میں معاون:
2012 میں کیے گئے تجربے میں نیند کے دوران نئے حقائق اور معلومات جاننے کے بارے میں غور کیا گیا تھا۔ شرکا کو نیند کے دوران ایک ٹون (موسیقی پر مبنی آواز) سنائی گئی اور اس کے بعد کوئی خوشبو یا بدبو سونگھائی گئی۔ اس کے بعد ایک اور ٹون سنائی گئی اور ایک اور بدبو سونگھائی گئی۔ ماہرین نے غور کیا کہ سونے والوں نے ناگوار بو پر کم اور خوشبو پر گہرا سانس لیا تھا۔ کچھ دیر بعد بو کو ہٹا کر ان سے وابستہ ٹون سنائی گئی تو شرکا نے خوشگوار بو کے ساتھ والی دھن پر گہرا اور ناگوار بو سے وابستہ ٹون پر ہلکا سانس لیا جب کہ انہیں کوئی بو سونگھائی ہی نہیں گئی تھی۔
اسی طرح جاگنے پر دوبارہ شرکا کو وہی دو ٹیون سنائی گئیں لیکن انہوں نے لاشعوری طور پر گہرے اور ہلکے سانس لیے جو اس ٹون سے وابستہ تھے۔ اس سے ثابت ہوا ہے کہ ہم نیند میں نئی معلومات اور رویے سیکھتے رہتے ہیں۔

تمباکو نوشی ترک کرنے میں مددگار:
وائزمان انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اسرائیل کے ماہرین نے کہا ہے کہ سگریٹ اور دیگر بو کو استعمال کرتے ہوئے اس کے عادی افراد کو نیند میں سگریٹ چھوڑنے کی تربیت دی جاسکتی ہے۔ نیند کے دوران سگریٹ پینے والے افراد کو سگریٹ اور ایک دوسری بو سونگھائی گئی مثلاً خراب انڈے کی بدبو۔ اسی طرح اگلی رات بھی یہ سلسلہ جاری رکھا گیا۔ اگرچہ صبح لوگوں کو بو تو یاد نہیں رہی لیکن لاشعوری طور پر سگریٹ کی بو کےساتھ انہیں بہت ناگوار بدبو سونگھائی گئی تھی اور اگلے ہفتے انہوں نے 30 فیصد کم سگریٹ استعمال کی۔ جنہیں جاگتے ہوئے وہی بو سونگھائی گئی ان کی سگریٹ نوشی کم نہیں ہوئی۔ تاہم اس میں شامل افراد کی 66 فیصد تعداد سگریٹ چھوڑنے کی خواہشمند ضرور تھی۔

نیند میں چہرے اور نام یاد کرنے کی تربیت:
کئی بار آپ کو سامنے والے شخص کا نام ہزار کوشش کے باوجود یاد نہیں آتا لیکن اچھی نیند آپ کو لوگوں کے نام اور چہرے یاد کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ بوسٹن میں برگھم اینڈ وومین اسپتال نے 14 افراد پر چند تجربات کیے تو معلوم ہوا کہ نیند میں کئی طرح کی یادداشتیں بہتر ہوتی ہیں۔ اس سلسلے میں شرکا کو 20 افراد کی تصاوہر اور ان سے وابستہ نام بتائے اور ان میں سے کچھ کو کم نیند اور کچھ کو اچھی نیند دی۔ جو لوگ سکون سے پوری نیند سوئے تھے انہوں نے تصاویر دیکھ کر افراد کے نام اچھی طرح یاد رکھے۔

اگر آپ پر سکون نیند کے خواہشمند ہیں تو ان پانچ عادات سے فوری چھٹکارا پا لیں

اگر آپ کو رات کو نیند نہیں آتی یا سوتے میں آنکھ کھل جاتی ہے تو آپ مندرجہ ذیل مشوروں پر عمل کریں تو آپ کو پرسکون نیند آئے گی۔

رات دیر سے کھانے سے پرہیز
اگر آپ رات کو دیر تک کھانا کھانے کے عادی ہیں تو فوراًاس عادت سے نجات حاصل کریں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ہم جب رات کو دیر سے کھانا کھاتے ہیں تو معدے میں تیزابیت پیدا ہونے سے ہماری نیند اڑ جاتی ہے۔

رات دیر سے ورزش کرنا
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ جب ہم ورزش کرتے ہیں تو ہمارے جسم کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے جس سے ہمارا جسم تیز کام کرنا شروع کردیتا ہے اور نیند کم ہونا شروع ہو جاتی ہے لہذا اگر آپ کو ورزش کی عادت ہے تو یہ ایک اچھی بات ہے لیکن کوشش کریں کہ سورج ڈھلنے سے قبل ہی ورزش مکمل کر لی جائے۔

بہت زیادہ ٹی وی دیکھنا
ایک وقت تھا لوگ ٹی وی کو بیڈ روم میں نہیں رکھا کرتے تھے جس سے ان کی نیند کبھی خراب نہیں ہوتی تھی لیکن جب سے ٹی وی بیڈ روم کا حصہ بنا ہے ہم لوگ نیند کی کمی کا شکار ہوگئے ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ جب ہم ٹی وی دیکھتے ہیں تو ہمارا دماغ مکمل طور پر الرٹ ہوجاتا ہے اور اس طرح نیند ہماری آنکھوں سے کوسوں دور چلی جاتی ہے۔

رات کو دیر تک کام کرنا
کچھ لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ رات کو دیر تک دفتر رہتے ہیں یا دفتر کا کام گھر لا کر کرتے ہیں جس سے انہیں ذہنی تناﺅ ہوتا ہے اور یوں نیند کم ہوتی جاتی ہے۔آپ کوشش کریں کہ دفتر سے جلد گھر آئیں اور گھر میں دفتر کا کوئی کام نہ کریں۔ اگر آپ بھی ہر وقت ذہنی دباؤ کا شکا ر رہتے ہیں تو سکون حاصل کر نے کے لیے اس آسان ترین نسخے پرضرور عمل کریں

بہت زیادہ بولنا
اگر آپ شادی شدہ ہیں تو اکثر ایسا ہوتا ہے کہ دن بھر مصروف رہنے کے بعد اپنے جیون ساتھی سے بات کرنے کا موقع نہیں ملتا اور صرف رات کا وقت ایسا ہوتا ہے کہ آپ دونوں ایک دوسرے سے کھل کر بات کر پاتے ہیں۔یہ ایک اچھی بات ہے لیکن کوشش کریں کہ گھر جلدی آکر دن کی باتیں جلد کر لی جائیں اور رات کو جلد سویا جاسکے۔

نیند کی کمی نوجوانوں میں ذیا بیطس کا سبب بن سکتی ہے

امریکی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ مناسب نیند پوری نہ کرنے والے افراد میں ذیا بیطس کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
امریکا کی شکاگو یونیورسٹی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر آف میڈیسن ایسرا تسالی کی زیر نگرانی کی جانے والی تحقیق کے دوران ماہرین نے 18 سے 30 برس کی عمر کے 19 افراد کے روز مرہ معمولات کا تجزیہ کیا۔ ماہرین نے دیکھا کہ مسلسل 3 روز صرف 4 گھنٹے کی نیند لینے سے ان کے خون میں فیٹی ایسڈز کی مقدار میں بتدریج اضافہ اور انسولین کی صلاحیت کم ہوتی گئی۔

ماہرہن کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی خون میں فیٹی ایسڈز کی سطح کو بڑھا دیتی ہے۔ اس سے میٹابولزم کا عمل متاثر ہوتا ہے جس کے باعث خون میں انسولین کی صلاحیت کم ہوجاتی ہے جوکہ خون میں شوگر کی مقدار کنٹرول کرتی ہے۔

ایسی 5 اشیا جو انسان کی نیند میں خلل کا باعث بنتی ہیں

دن بھر کی تھکاوٹ اور کام کے بعد اچھی اور پرسکون نیند ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے لیکن ذرا سی بداحتیاطی سے اور کھانے میں لاپرواہی رات کو بےسکون اور اذیت ناک بنادیتی ہے لیکن پریشان نہ ہوں اگر آپ ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نیند کی دشمن 5 غذاؤں سے پرہیز کریں تو پھر پرسکون نیند آپ کی منتظر ہوگی۔
کیفین: عام طور پر لوگ رات کو سونے سے قبل چائے یا کافی کا ایک کپ پیتے ہیں لیکن ان کے لیے حیران کن بات یہ ہے کہ  یہ کپ آپ کی ننید کو خراب کردیتا ہے، لیکن یہ کیفین نامی عنصر صرف کافی یا چائے میں ہی نہیں بلکہ ادویات میں میں بھی موجود ہوتا ہے اس لئے ایسی ادویات کو بھی سونے سے پہلے نہ لیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایسی ادویات سونے سے کم از کم 8 گھنٹے قبل کھانی چاہیئں۔
الکوحل: ایسی اشیا یا ڈرنکس جس میں الکوحل موجود ہوتی ہے وقتی طور پر تو سکون کرتی ہیں لیکن کچھ ہی دیر بعد انسان کو سونے نہیں دے گی اور طبیعت میں بے چینی محسوس ہونے لگے گی، تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ الکوحل میں ایسے کیمیکلز ہوتے ہیں جو بے آرامی کا باعث بنتے ہیں۔
پانی یا دیگرمشروبات: اگرچہ پانی کا زیادہ استعمال نہ صرف صحت کو بہتر کرتا ہے بلکہ وزن میں کمی کا بھی باعث بنتا ہے لیکن رات کو سونے سے قبل زیادہ پانی پینا بار بار اٹھنے کا باعث بھی بنتا ہے اور آپ کی نیند کی سائیکل کو متاثرکرتا ہے اور نیند کا یوں متاثر ہونا انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب کرتا ہے۔ اپنی رات کو پرسکون بنانے کے لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ سونے سے 90 منٹس قبل پانی نہ پیئں۔
فریج میں رکھے کھانوں سے پرہیزہمارے معاشرے میں یہ ایک عام سی بات ہے کہ لوگ کھانوں کو فریز کر لیتے ہیں اور رات کے کھانے میں استعمال کرتے ہیں لیکن درحقیت ان کھانوں میں موجود امائنو ایسڈ  ’ٹائرامائن‘ دماغ کو ایکٹو کردیتا ہے اور نیند آپ سے دور چلی جاتی ہے اور ساری رات پہلو بدلتے گزرجاتی ہے۔ بالخصوص باسی پنیر، دھویں پر بھنی مچھلی اور بھونا ہوا گوشت زیادہ نقصان دہ ہے، اس لیے ضروری ہے رات کے کھانے میں تازہ کھانا کھائیں۔
ٹماٹریا اس  سے بنی غذائیں:  یوں تو ٹماٹر بھی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے تاہم سونے سے قبل ٹماٹر یا ایسی غذائیں جن ایسڈ موجود ہو دل کی جلن کا باعث بنتی ہیں لہذا پرسکون نیند کے لیے ایسی غذاؤں سے دور رہیں اگر کھانا بھی ہیں تو سونے سے کم از کم 3 گھنٹے پہلے ہی کھا لیں۔