ذہنی دباؤ سے بچنے کا آسان اور آزمودہ حل
آج کی اس مصروف اور مشینی زندگی میں ہر انسان کسی نہ کسی مسئلے میں الجھا نظرآتا ہے جو ذہنی دباؤ کا باعث بن کر کئی بیماریوں کو جنم دیتا ہے اسی لیے اس ذہنی دباؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک مختصر اور آسان حل بتایا جا رہا ہے جسے اختیار کر کے آپ خوشگوار زندگی گذار سکتے ہیں۔
واشنگٹن میں ڈاکٹرمینی نے ذہنی دباؤ پر تحقیق کرنے کے بعد اس پر قابو پانے کا آسان نسخہ پیش کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ورزش، مراقبہ، یوگا، گھرمیں اشیا کی ترتیب اور کھانے پینے کے شیڈول کو ذرا سا تبدیل کرکے ذہنی دباؤ سے بچا جاسکتا ہے، ذہنی دباؤ دل کی بیماریوں، سر، کمر درد، ڈپریشن، شوگر اور موٹاپے جیسی خطرناک بیماریاں پیدا کرسکتا ہے لہذا اس پر فوری کنٹرول کرنا انتہائی ضروری ہے۔
ڈاکٹرمینی کے مطابق ورزش نہ صرف آپ کو پرسکون رکھتی ہے بلکہ آپ کے موٹاپے کو بھی کنٹرول کرتی ہے اور اگر اس کے ساتھ یوگا اور مراقبے کو بھی شامل کر لیا جائے تو اس کے بہت ہی مثبت اور دیرپا اثرات مرتب ہوتے ہیں جب کہ اناج کا استعمال، چینی اور کاربوہائیڈریٹ سے پرہیز دباؤ کو دور رکھنے میں مدد گار ہوتے ہیں اور دوسری اہم چیز جسے عام طور پر نظر انداز کردیاجاتا ہے وہ ہے گھر کی ترتیب کیونکہ مصروف ترین زندگی میں اگر اشیا اپنی جگہ پر نہ ملیں تو یہ بھی ذہنی دباؤ کو بڑھا دیتی ہے۔
تحقیق کار کہنا تھا سب سے پہلے اپنے گھر خاص طور پر باورچی خانہ، داخلی راستہ، باتھ روم اور کمروں کو اچھی طرح ترتیب دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر چیز نشان دہی کے ساتھ اپنی جگہ موجود ہو تاکہ ضرورت پڑنے پر کسی بھی چیز کو تلاش کرنے میں مشکل نہ ہو، اپنی شاپنگ، صفائی، لانڈری اور کھانے پینے کا ہفتہ وار شیڈول بنائیں اور پھر اس سے متعلق سوچنا چھوڑ دیں، تیسری انتہائی اہم بات یہ کہ جب آپ گھر آئیں تو دن بھر کیا ہوا ہے اس کو بھول جائیں اور ایک پرسکون اور پیار بھری شام کو انجوائے کریں اور پھر دیکھیں کہ اسٹریس آپ سے دور بھاگ جائے گا، آپ اس سادہ اور آسان نسخے کو آمائیں ہمارا دعویٰ ہے کہ زندگی سے ذہنی دباؤ دور بھاگ جائے گا۔