Showing posts with label Skin. Show all posts

سردیوں میں میک اپ کے لیے چند مفید و کارآمد باتیں

موسم سرما میں ہماری جلد کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سرد اور خشک ہوائیں جلد کو کھردرا اور خشک بنا دیتی ہیں۔ کبھی کبھار حساس جلد پر یہ خشکی اس قدر ہوتی ہے کہ جلد کی سطح پر اس کی خشک تہہ سی ہوتی ہے جو جھڑنے لگتی ہے۔ نتیجتاً جلد پر خراشوں اور جھریاں بننے کا عمل تیزی سے بڑھنے لگتا ہے، جلد کی ایسی خراب اور حساس صورت حال میں کسی بھی قسم کا میک اپ کرنا غیر ضروری ہو جاتا ہے۔ اس لیے میک اپ سے پہلے اس بات کا خصوصی خیال رکھیں کہ جلد صحت مند ہو، تاکہ میک اپ کے بعد وہ اچھا تاثر قائم کرے۔ جلد کی حفاظت کے لیے چند ضروری اقدام کرلیے جائیں، تو سرد موسم میں جلد ہمیشہ تروتازہ اور نرم و ملائم رہ سکتی ہے۔


💄 سردیوں کا آغاز ہوتے ہی اپنی روزمرہ کلینزنگ کی روٹین کو تبدیل کرنا ازحد ضروری ہے۔ خاص طور پر اس صورت میں جب آپ فومنگ جیل کے تیارکلینزنگ استعما ل کر رہی ہیں۔ ان کے بجائے milky اور کریم والے کلینزنگ سے چہرے کی روزانہ کلینزنگ کریں اور انہی کی مدد سے جلد پر آہستگی سے مالش بھی کریں۔ یہ عمل جلد کو نرم بنائے گا اور خشکی کو دور کرے گا اور پھر صاف پانی سے دھولیں۔ اس کے بعد کاٹن کے تولیے یا ٹشوپیپر کی مدد سے چہرہ خشک کر لیں۔

💄 کلینزنگ کے بعد اور میک اپ شروع کرنے سے قبل سب سے پہلے فاؤنڈیشن لگانا ضروری ہے۔ ٹھنڈے موسم کی مناسبت سے فاؤنڈیشن کی زیادہ مقدار لگائی جاتی ہے اور اس کا زیادہ بہتر طریقہ یہی ہے کہ اسے کسی اچھے اور معیاری موئسچرائزر کے ساتھ ملا کے لگایا جائے۔ اس طرح سے جلد میک اپ کے بعد کسی بھی وجہ سے خشک محسوس نہیں ہوگی۔ فاؤنڈیشن ہمیشہ اپنی ’اسکن ٹون‘ کو مد نظر رکھ کر ہی منتخب کیا کریں۔

💄 عام طور خواتین اس بات کا خیال کرتی ہیں کہ سن اسکرین بلاک یا سن کریم کا استعمال صرف گرمیوں میں ہی کیا جانا چاہیے، کیوں کہ گرمیوں میں سورج کی تپش اور حدت زیادہ ہوتی ہے، لیکن اس بات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، جس طرح گرم موسم میں سن اسکرین لگانا اہم ہے بالکل اسی طرح موسم سرما میں بھی یہ ضروری ہے۔ ایسے سن اسکرین جن میں spf 30 موجود ہوں استعمال کیے جانے چاہئیں اور اسے اپنے معمولات کا لازمی حصہ بنالیں کہ جب بھی دن کے اوقات میں گھر سے باہر جانا مقصود ہو تب سن اسکرین لگا لیا جائے۔

💄 یخ بستہ اور خشک ہواؤں سے جلد کو محفوظ رکھنے کے لیے موئسچرائزر کی مقدار میں اضافہ کرلیں اور اس کے ساتھ ساتھ جب گھر سے باہر جانا ہو تب چہرہ کو دوپٹے سے ڈھانپ لیں۔

💄 ٹھنڈے اور خشک موسم میں اکثر چہرے پر سرخی سی آجاتی ہے۔ یہ زیادہ تر گالوں، ناک اور تھوڑی پر ہوتی ہے۔ میک اپ سے قبل اسے دور کرنے کے لیے اس پر بغیررنگ کا کنسیلیر لگائیں۔

💄 جلد کو خشکی سے محفوط رکھنے کے لیے موئسچرئزانگ کریم سے بھرپور ماسک بہتر نتائج دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ نائٹ کریم کو رات میں دس سے پندرہ منٹ تک لگا کر رکھیں، اس کے بعد اضافی کریم کو ایک ٹشو پیپر کی مدد دے صاف کرلیں۔

💄 ٹھنڈے اور خشک موسم میں جلد کے ساتھ ساتھ ہونٹ بھی بہت زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ یہ موسم انہیں خراب کر دیتا ہے۔ ان پر لکیریں پڑنے لگتی ہیں اور خشک ہونے کی وجہ سے ہونٹ پھٹنے لگتے ہیں، کبھی کبھار صورت حال اس حد تک خراب ہو جاتی ہے کہ ان میں سے خون بھی رسنے لگتا ہے اس تکلیف دہ صورت حال سے بچنے کے لیے ان پر ہمہ وقت لپ بام لگائیں اس لپ میں بام سن اسکرین کی خوبی بھی موجود ہونی لازمی ہے عام طور پر استعمال کی جانے والی کلرز لپ اسٹک کو اس موسم میں زیادہ دیر تک لگائے رکھنے کا مطلب ہونٹوں کو مزید خشک کرنا ہوتا ہے ۔

💄 سرد موسم میں میک اپ کے لیے آ پ کے رنگوں کا انتخاب کھلتا ہو ا ہونا چاہیے، جیسے کہ رائل بلو، شوخ جامنی، ہلکا سرخ اور سبزاور فیروزی رنگ شامل ہیں۔ قدرتی رنگ جیسے سیاہ، گہرا سرمئی اور نیلے رنگ کو سفید رنگ کے امتزاج کے ساتھ اختیار کیا جا سکتا ہے۔

💄 لپ اسٹک کے لیے سرد موسم میں لپ گلوس یا لپ بام کو ترجیح دی جاتی ہے اور اس کے لیے بغیر رنگ کے لپ گلوس یا پھر ہلکے گلابی رنگ کے گلوس بہترین ثابت ہو سکتے ہیں۔ کلرز لپ اسٹک میں میرون اور سرخ سردیوں کے رنگ شمار کیے جاتے ہیں۔

💄 آنکھوں کے میک اپ میں شیڈ کے لیے بنیادی رنگوں میں سلور، بھورا، سرمئی اور سنہرا بہتر رہتے ہیں۔ لائنر کے لیے ہلکا یا گہرا سرمئی یا کاربن رنگ بہترین انتخاب ثابت ہوتے ہیں۔

سردوخشک موسم میں بالوں سے لیکر پیروں تک کے مفید قیمتی ٹوٹکے

خنک ہوا کے جھونکے اس بات کی نوید ہیں کہ میوے کھانے، گرم کپڑے پہننے اور اپنی نرم ونازک جلد کی حفاظت کرنے کا موسم آرہا ہے۔ یہ سرد اور خشک موسم ہماری جلد کے لیے بہت سے مسائل لے کر آتا ہے، بہتر ہے کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے تیاری کرلیں۔


جسم کے لیے
♥ ایک عدد لیموں کے چھلکے پیس لیں، اس میں آدھی پیالی مکئی کا آٹا اور پسے ہوئے بادام ملائیں اور پورے موسم سرما میں نہاتے ہوئے اس میں ناریل یا زیتون کا تیل ملاکر مالش کریں گی تو آپ کی جلد نرم و ملائم رہے گی۔ اس نسخے کے ذریعے آپ کالی پڑ جانے والی کہنیوں کو بھی صاف کر سکتی ہیں۔
♥ موسم سرما میں جلد کو موئسچرائز کرنے کے لیے سن فلاور آئل کا استعمال کریں اس میں وٹامن اے اور ای بہت زیادہ ہوتا ہے۔
♥ موسم سرما میں ہفتے میں ایک بار نمک چینی اور تیل کے ساتھ پورے جسم کا مساج کرنا بھی جلد کے لیے بے حد مفید ہوتا ہے۔
♥ ہلدی، بیسن، آٹے کی بھوسی اور دہی میں چند قطرے عرق گلاب میں ملا کے پورے جسم کا مساج کرنے سے بھی جلد خشکی سے محفوظ رہتی ہے۔
♥ چند دانے بادام، ایک اخروٹ اور چند دانے مونگ پھلی پیس کر اس میں دو چمچے دودھ کی بالائی، دو چمچے کھیرے کا رس ایک چمچہ شہد اور دو چمچے عرق گلاب ملا کر کریم بنالیں اور نہانے سے قبل استعمال کریں۔

چہرے کے لیے
سردیوں میں سب سے زیادہ چہرے کی جلد متاثر ہوتی ہے، منہگی کریموں اور لوشنز کے بجائے ہم دیسی نسخوں کے ذریعے بھی ان مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔
♥ رات کو سوتے وقت چہرے پر نیم گرم دودھ یا دودھ کی بالائی کا مساج کریں اور صبح اٹھ کر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
♥ پسی ہوئی ہلدی کو تھوڑی سی دہی میں ملا کر کریم کی طرح لگائیں اور ایک گھنٹے کے بعد چہرہ دھولیں۔
♥ خشک موسم میں چہرہ دھونے کے لیے بیسن کا استعمال کریں۔
♥ مولی کے پتوں کو پیس کر ہفتے میں ایک بار چہرے پر لگایا جائے تو موسم سرما کے مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔
♥ کچے آلو کا گودا بنالیں اور اس میں دودھ شامل کر کے چہرے کا مساج کریں، اس سے چہرے کے داغ دھبے دور ہو جائیں گے۔
♥ میتھی دانہ پیس کر اس میں گلیسرین ملا کے چہرے پر لگانے سے جلد پر رونق ہوجائے گی۔
♥ چہرے پر داغ دھبے ہوں تو پالک کا رس نکال کر چہرے پر لگائیں یا پھر پیاز کا رس بھی چہرے کے داغوں پر ملنے سے داغ ختم ہو جاتے ہیں۔
♥ موسم سرما میں فیشل، مساج اور ماسک کے استعمال سے چہرے کو خوب صورت رکھا جا سکتا ہے۔ شہد اور انڈے کی سفیدی کا ماسک اس ضمن میں بہترین ہے۔ فیشل کے لیے ناریل، زیتون اور بادام کا تیل ملا کے مساج کریں۔
♥ اگر چہرے پر مہاسے ہوں تو جائفل کو دودھ میں تھوڑا سا گھِس کر لگائیں، افاقہ ہوگا۔ اس کے ساتھ کچا دودھ روئی کے پھائے کی مدد سے روزانہ کیل مہاسوں پر لگانا بھی مفید ہوگا۔
♥ آٹے کی بھوسی کو دودھ میں ملا کے اس کی ’لئی‘ بنالیں اور چہرے پر روزانہ اس کا لیپ کریں اور آدھے گھنٹے بعد چہرہ نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
♥ تھوڑی سی پسی ہوئی گندھک کو دودھ میں ملا کر اس کی ’مرہم‘ سی بنالیں اور اسے کیل مہاسوں پر لگالیں اور دو گھنٹے بعد چہرہ دھولیں.
♥ دن میں دو تین بار تولیے کو نیم گرم پانی میں بھگو کر نچوڑیں اور چہرے پر لگائیں، 10 سے 15 منٹ ایسا کریں۔ چہرے پر خشکی رہے گی نہ کیل مہاسے اور داغ۔
♥ ایک سیب کدو کش کر کے اس کا گودا چہرے پر لگالیں اور کم از کم آدھے گھنٹے کے لیے سیدھی لیٹ جائیں۔ ہفتے میں ایک بار یہ عمل رکنے سے چہرہ کھلا کھلا نظر آئے گا۔
♥ ہفتے میں ایک بار کھیرے کو پیس کر چہرے پر لگانے سے بھی جھائیاں دور ہو جاتی ہیں۔
♥ اگر دانوں کی وجہ سے چہرے پر ان کے گہرے نشان پڑ جائیں تو برف کے پانی میں عرق گلاب ملا کے چہرے پر لگائیں روزانہ دن میں تین چار بار یہ عمل کریں۔

گردن کے لیے
جسم کا مساج کرتے وقت بھی ہم اکثر گردن کو نظر انداز کر دیتے ہیں جس سے گردن کی جلد کو کسی قسم کا موئسچرائزر نہیں ملتا اور اس کی جلد سے خشکی جھلکنے لگتی ہے۔
♥ دہی میں ہم وزن بیسن ملا کر گردن پر اس کا لیپ کریں۔ خشک ہونے پر دھولیں. ہفتے میں ایک مرتبہ گردن پر کلینزنگ ملک لگا کر صفائی کریں،
♥ لیموں کے رس اور گلیسرین ملا کر روزانہ رات کو گردن پر لگالیں اور صبح کو ایک تولیا گرم پانی میں بھگو کر گردن پر ملیں۔
♥ کبھی کبھار بلیچ کریم سے گردن کی صفائی کرنا بھی ٹھیک رہے گا۔
♥ تازہ لیموں کے چھلکے دن میں دو بار گردن پر ملیں، کچھ دیر بعد سرسوں کے تیل کی مالش کریں، پھر اسے گیلے تولیے سے صاف کر دیں۔
♥ گھی میں تھوڑا سا نمک ملا کر گردن کی مالش کریں، پھر گیلے تولیے سے صاف کرلیں، اس طرح گردن کی جلد نرم اور صاف رہے گی۔
♥ بھنووں اور پلکوں کی خشکی دور کرنے کے لیے سوتے وقت روغن زیتون لگائیں یا نیم گرم دودھ میں فلالین کے کپڑے کو بھگو کر آنکھوں پر رکھ لیں، جب اس کی حرارت ختم ہو جائے تو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

ہونٹوں کی دل کشی کے لیے
♥ روزانہ سونے سے پہلے ہونٹوں پر دودھ کی بالائی لگائیں۔
♥ چٹکی بھر پسی ہوئی پھٹکری ایک چمچہ عرق گلاب، چند قطرے لیموں کے رس میں ملا کر روزانہ رات سوتے وقت لگائیں، اس سے ہونٹوں کی سیاہی دور ہو جائے گی۔
♥ پھٹے ہوئے ہونٹوں پر گائے کا کچا دودھ دن میں تین، چار مرتبہ دس منٹ کے لیے لگائیں۔
♥ ٹماٹر کاٹ کر ہونٹوں پر ملنے سے نرمی ملنے کے ساتھ ساتھ ہونٹ بھی گلابی ہو جاتے ہیں۔
♥ گلاب کی پتیوں کو دودھ میں پیس کر فریج میں رکھ لیں اور روزانہ رات کو ہونٹوں پر ملیں۔
♥ زیتون کے تیل میں لیموں کا رس ملا کر ہونٹوں پر لگائیں۔
♥ ہونٹوں کو نم رکھنے کے لیے بار بار کولڈ کریم یا چپ اسٹک یا لپ بام لگائیں۔

آنکھوں کی حفاظت کے لیے
♥ دھوپ اور سردی سے آنکھوں کو محفوظ رکھنے کے لیے چشمے کا استعمال کیجیے، کھیرے کے قتلے یا استعمال شدہ ’ٹی بیگس‘ ٹھنڈے کرکے آنکھوں پر چند منٹوں کے لیے رکھنا بے حد فائدہ دیتا ہے۔

ہاتھوں کی حفاظت کے لیے
♥ سردیوں میں گھر کے کام کاج کرنے اور خاص طور پر برتن وغیرہ مانجھنے سے ہاتھ خراب ہو جاتے ہیں۔ اس کے لیے آپ روغن بادام، دو چمچے شہد، دو چمچے روغن زیتون، دو چمچے اچھی طرح ملا لیں اور رات سوتے وقت ہاتھوں اور ناخنوں پر ملیں، پھر دستانے پہن کر سو جائیں، صبح نیم گرم پانی سے ہاتھ دھولیں، اس سے آپ کے ہاتھ نرم ملائم رہیں گے۔
♥ سردی سے ہاتھوں پر پڑنے والی سلوٹوں کو دور کرنے کے لیے عرق گلاب تقریباً آدھا پاؤ, روغن بادام 15 گرام پھٹکری اور چار انڈوں کی سفیدی ایک پتیلی میں ملا کر دھیمی انچ پر پکائیں، تھوڑی گاڑھی ہو جائے تو چولہے سے اتار لیں اور بوتل میں بھر کر رکھ لیں، حسب ضرورت استعمال کریں۔ یہ پورے موسم سرما ہاتھوں کے لیے کافی ہوگی۔
♥ ہاتھوں کی نرمی کے لیے دہی میں لیموں کا رس لگا کر مساج کریں۔
♥ پکے ہوئے ٹماٹروں کا گودا، لیموں کا رس اور چند قطرے گلیسرین ملا کر ہاتھوں پر لگائیں ہاتھ نرم و ملائم ہو جائیں گے۔
♥ اکثر سردیوں میں ہاتھ اور چہرے کی جلد پھٹ جاتی ہے۔ اس کے لیے ناریل کے تیل میں موم ملا کر رات کو سونے سے پہلے ہاتھوں کا مساج کریں۔ صبح ہلکے گرم پانی سے دھو لیں۔
♥ سردیوں میں اکثر گرم سرد پانی میں ہاتھ ڈالنے سے ہاتھوں کی جلد پھٹ جاتی ہے۔ برتن وغیرہ دھونے سے جلد متاثر ہوتی ہے، لہٰذا رات کو سوتے وقت روزانہ دودھ کی بالائی کی مالش کریں یا نیم گرم دودھ سونے سے پہلے ہاتھوں پر مل لیں۔
دیگر نسخوں میں انڈہ اور پسی ہوئی پھٹکری ملا کے ہاتھوں پر لگانا خاصا مفید ہے۔ اس کے علاوہ دودھ میں عرق گلاب ملا کر بھی ہاتھوں پر مالش کی جا سکتی ہے۔
♥ زیتون کے تیل میں لیموں کا رس ملا کر یا سرسوں کے تیل میں سرکہ ملا کر بھی ہاتھوں پر ملا جا سکتا ہے۔

پیروں کی حفاظت کے لیے
♥ ہاتھوں کی انگلیوں پر بادام، ناریل یا زیتون کا تیل لگا کر ٹخنے سے ایڑی کی طرف مالش کریں، پھر پیروں کی انگلیوں کی طرف جائیں۔ اس طرح روزانہ رات سونے سے قبل 10منٹ تک مساج کرنا مفید ہوگا۔
♥ اگر آپ کے پیر سخت اور کھردرے ہیں، تو آدھا چمچہ نمک اور آدھا چمچہ ناریل کا تیل نیم گرم پانی میں ملا کر اس میں پاؤں بھگوئیں اور جھاویں سے رگڑ کر صاف کریں۔ دس منٹ بعد پیر خشک کر کے پٹرولیم جیلی لگائیں اور موزے پہن لیں۔ اس طرح چند دنوں میں ہی آپ کے پیر نرم و ملائم ہو جائیں گے۔
♥ پیروں کو ملائم رکھنے کے لیے پیروں کے مردہ خلیے ختم کرنا ضروری ہیں۔ اس کے لیے ایڑیوں، انگوٹھے، انگلیوں، ٹخنے اور تلوے پر سرکے اور دہی لگائیں، پھر نیم گرم پانی سے دھو کر پٹرولیم جیلی لگا کر کچھ دیر کے لیے موزے پہن لیں۔
♥ پھٹی ہوئی ایڑیوں پر بچے ہوئے صابن کے ٹکڑے گلیسرین میں ملا کے لگائیں۔ دو تین بار کے استعمال کے بعد واضح فرق نظر آئے گا۔
♥ سردیوں میں رات کو پاؤں میں ویسلین لگا کر سونے سے بھی پاؤں کی جلد شگفتہ رہتی ہے۔

بالوں کی حفاظت کے لیے
♥ یوں تو بالوں کی خشکی کا کوئی موسم نہیں، مگر موسم سرما میں بالوں سے خشکی سے نجات کا ذریعہ بالوں میں نیم گرم تیل کی مالش ہے۔ نہانے سے ایک گھنٹے قبل بالوں میں نیم گرم تیل لگا کر 10 منٹ مالش کریں۔
♥ خشکی سے نجات کے لیے ہفتے میں ایک بار دہی اور انڈہ ملا کے بالوں کی جڑوں اور سروں پر لگائیں اور دو گھنٹے بعد سر دھولیں ۔
♥ ہفتے میں ایک بار سرکہ اور لیموں کا رس یک ساں مقدار میں لے کر بالوں کی جڑوں میں شیمپو کی طرح لگائیں۔ 15 منٹ بعد سر دھولیں، خشکی کے خاتمے میں مفید رہے گا۔
♥ سردیوں کے موسم میں اگر آپ بالوں کی چوٹی بنا کر رکھیں گی تو بال زیادہ صحت مند رہیں گے۔
♥ سردیوں میں بالوں کو ہفتے میں کم از کم دو بار دھوئیں اور دو بار گرم تولیے سے بالوں کو آدھے گھنٹے لپیٹ کر رکھیں، تو بالوں میں خشکی نہیں ہوگی۔
♥ بالوں کو ہفتے میں ایک بار منہدی کے پتوں سے دھوئیں، اور ایک بار بالوں میں خالص ناریل کا تیل ضرور لگائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر مہینے بالوں کی نوکیں ضرور تراشیں، اس سے بالوں کی نشوونما اچھی ہوتی ہے۔
♥ کبھی کبھی تھوڑا سا سرکہ پانی میں ملاکر اس سے سر دھوئیں، تو یہ بالوںکی صحت کے لیے بے حد مفید ہوگا۔

چاند جیسا چہرہ، چمکتی جلد، صندل کے چند آزمودہ نُسخے

صندل ایک خوش بودار پیلے رنگ کی لکڑی کا برادہ ہے، جو جلد کی حفاظت اور دل کشی میں بہت معاون ہے۔ اسے چندن کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔ صندل کی خاصیت یہ ہے کہ اس کی خوش بو سے فضا بہت دیر تک معطر رہتی ہے۔ صندل کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس کا ذکر شعروں اور گیتوں میں بھی ملتا ہے۔


خواتین کے استعمال کی بہت ساری آرائشی مصنوعات جیسے فیشل، تیل اور کریم وغیرہ میں شامل کر کے اسے مزید موثر بنایا جا سکتا ہے۔ یہاں صندل کے ماسک کی کچھ گھریلو ترکیبیں پیش کی جا رہی ہیں، جن کا استعمال نہ صرف جلد کے لیے مفید ہے، بلکہ یہ چہرے کی دل کشی میں اضافے کا باعث بھی بنے گا۔ اگر آپ کے چہرے کی جلد پر کسی قسم کی الرجی ہے تو ماسک لگانے سے پہلے ہتھیلی کی پشت پر لگا کر ماسک کا اثر دیکھ لیں، اگر کوئی مضر اثر نہ ہوتو بہ آسانی استعمال کریں۔

عرق گلاب اور صندل
یہ بہت آسان گھریلو ماسک ہے، ایک پیالے میں دو چمچے صندل کا چورا ڈالیں، اس کے بعد اتنا عرق گلاب ملائیں کہ وہ گاڑھا محلول بن جائے، اس میں کوئی گھٹلی نہیں رہے۔ اب صاف چہرے اور گردن پر یہ ماسک لگائیں اور 20 منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ چہرہ گلاب کی طرح کھل اٹھے گا۔

جو اور صندل
ایک بلینڈر میں دو چمچے صندل کا چورا، ایک چمچہ دلیہ، چند گلاب کی پتیاں اورپانی ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ اس کا ماسک لگانے سے پہلے دودھ سے چہرہ صاف کریں، اس کے بعد روئی میں عرق گلاب لگا کر چہرے پر لگائیں، جب خشک ہو جائے تو گاڑھا محلول والا ماسک چہرے پر پھیلا کر لگائیں، یہاں تک کہ ماسک خشک ہو جائے۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو لیں۔ یہ جلد کو صحت مند اور چمک دار بناتا ہے۔

ہلدی اور صندل
ایک شیشے کی پیالی میں دو چمچے صندل کا برادہ ڈالیں، اس کے بعد ایک چمچہ ہلدی ملائیں۔ ان دونوں کو ملانے کے بعد اس میں تین چمچے شہد ملا دیں۔ جب تینوں اجزا یک جان ہو جائیں تو چہرے پر یہ ماسک لگا ئیں اور 20 سے 25 منٹ کے لیے لگا رہنے دیں اور پھر دھو لیں۔

دودھ اور صندل
کچے دودھ میں صندل ملا کر چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں اور پھر پندرہ منٹ بعد جب خشک ہو جائے تو منہ دھو لیں۔ یہ ماسک موسم گرما میں جلد کے لیے بے حد مفید ہے۔ خاص طور پر دھوپ سے جھلسے ہوئے چہرے کو صاف کرنے میں خاصا معاون ہے۔

سیب اور صندل
سیب کا چھلکا اتار کر ایک چمچہ گودا نکال لیں اور اس میں ایک چمچہ صندل کا برادہ ملانے کے بعد اسے عرق گلاب سے تر کریں۔ اس کے بعد چہرے پر پھیلا کر لگائیں، 20 منٹ بعد چہرہ دھولیں۔ یہ ماسک مردہ اور بے رونق جلد کے لیے اکسیر ہے۔

ملتانی مٹی اور صندل
ایک پیالی میں ایک چمچہ ملتانی مٹی اور صندل کا چورا لے کر اس میں لیموں کا رس اور عرق گلاب ملا کر محلول بنالیں، اس ماسک کو چہرے پر انگلیوں کی مدد سے لگائیں، جب اچھی طرح سے سوکھ جائے تو منہ دھو لیں۔ یہ ماسک جلد پر بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات کو کم کرتا ہے اور جلد پر پڑنے والی لکیروں اور جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

کھیرے اور صندل
دو چمچے کھیرے کے رس میں صندل کا چورا ملا کر گاڑھا ماسک چہرے پر پھیلا کر لگائیں، 20 منٹ بعد دھولیں، یہ ماسک چہرے کی جلد کو تازہ کرتا ہے۔

Turn Dark Lips to Soft Pink Lips Naturally in Winter (Video)




Turn Dark Lips to Soft Pink Lips Naturally in Winter

Turn Dark Lips to Soft Pink Lips Naturally in Winter#HomeMade #Remedy #Lips #Beauty #WaliClinic #DarkLips #Tips #Natural #Homoeopathic #SoftPinkLips #Video

Posted by Wali Homoeopathic Health Care Clinic on Friday, January 15, 2016

ڈھلکتی جلد سے چھٹکارہ

بہت زیادہ جسمانی وزن میں کمی یا بچے کی پیدائش کے بعد ڈھلکی جلد خواتین کے لیے بہت بڑا مسئلہ بن جاتی ہے جس کو حل کرنا انہیں بہت مشکل ہوتا ہے۔
اگر تو آپ بھی اس مسئلے سے دوچار ہیں اور چاہتی ہیں کہ اپنے مثالی وزن کے ساتھ آپ کی جلد بھی اپنی خوبصورتی سے محروم نہ ہو اور آپ پُرکشش نظر آئیں تو ان سات موثر طریقوں کو آزما کر دیکھیں جو جسمانی وزن میں کمی کے بعد بھی جلد کو ٹائٹ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

جلد مستحکم بنانے والی کریمز کا استعمال

جلد کو مضبوط یا مستحکم بنانے والی کریم ڈھلکتی کھال کو ٹائٹ رکھنے کا ایک موثر ذریعہ ہے اور یہ ڈائٹنگ یا حمل کے دوران بہترین نتائج کا باعث بنتی ہے، تاہم ایسی کریمز کا انتخاب کریں جو وٹامن ای، اے اور سی سے بھرپور ہوں تاکہ جلد کو الاسٹک اور مضبوط بننے میں مدد مل سکے۔

کولاجن کریمز کا استعمال

کولاجن کریم خاص طور پر وزن میں کمی کے بعد ڈھلک جانے والی جلد کے لیے ہوتی ہے، اگرچہ یہ کافی مہنگی ہوتی ہے مگر یہ بہت موثر ثابت ہوتی ہے اور یہ جلد کو ٹائٹ کرنے کے ساتھ زیادہ نرم و ملائم بھی کردیتی ہے۔

وزن اٹھانا

وزن اٹھانا جلد کو ٹائٹ کرنے اور وزن میں کمی کے بعد کشش کو بڑھانے کا یقینی طریقہ ہے کیونکہ وزن اٹھانے سے جلد کے اندر مسلز بنتے ہیں اور جسمانی ساخت بہتر ہوجاتی ہے، اس کے لیے ایک ہفتے میں تین بار پندرہ منٹ تک وزن اٹھانا بھی کافی ثابت ہوتا ہے۔

نمی برقرار رکھنا

صحت مند جلد کو مسلسل نمی کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ روزانہ آٹھ گلاس پانی کا استعمال کیا جائے تاکہ جلد کی نمی برقرار رہے، وہ صحت مند ہو اور کم وقت میں ٹائٹ ہوسکے۔

یوگا کی مشق

یوگا جسم کو متناسب، لچکدار رکھنے اور ذہنی تناﺅ میں کمی لاتا ہے، اس کے لیے کلاس بھی لی جاسکتی ہے اور گھر پر بھی اس کی مشق کی جاسکتی ہے، یوگا کی مشقوں سے چند ہفتے بعد ہی آپ اس کے نتائج دیکھ کر حیران رہ جائیں گے کیونکہ اس سے جلد ٹائٹ ہونے کے ساتھ لچکدار بھی ہوجاتی ہے۔

کم چربی والے پروٹین کا استعمال بڑھانا

کم چربی والے گوشت پر مشتمل پروٹین کا استعمال جسمانی وزن میں کمی کے بعد ڈھلک جانے والی جلد ٹائٹ ہوتی ہے کیونکہ اس سے مسلز بننے میں مدد ملتی ہے اور آپ جسمانی طور پر زیادہ متناسب بنتے ہیں۔

تیل کا مساج

مساج جلد کو ٹائٹ رکھنے کے لیے ضروری ہے کیونکہ اس سے متعلقہ حصے میں خون کی روانی بڑھانے میں مدد ملتی ہے اور بتدریج جلد صحت مند ہونے لگتی ہے، کیسٹر آئل، ناریل کے تیل، زیتون کے تیل اور لیونڈر آئل کو ملا کر استعمال کرنے سے اس مقصد میں تیزی سے کامیابی میں مدد ملتی ہے کیونکہ یہ گہرائی میں جذب ہوکر جلد کی نمی اور چمک کو بحال کرتے ہیں۔