ڈھلکتی جلد سے چھٹکارہ
بہت زیادہ جسمانی وزن میں کمی یا بچے کی پیدائش کے بعد ڈھلکی جلد خواتین کے لیے بہت بڑا مسئلہ بن جاتی ہے جس کو حل کرنا انہیں بہت مشکل ہوتا ہے۔
اگر تو آپ بھی اس مسئلے سے دوچار ہیں اور چاہتی ہیں کہ اپنے مثالی وزن کے ساتھ آپ کی جلد بھی اپنی خوبصورتی سے محروم نہ ہو اور آپ پُرکشش نظر آئیں تو ان سات موثر طریقوں کو آزما کر دیکھیں جو جسمانی وزن میں کمی کے بعد بھی جلد کو ٹائٹ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
جلد مستحکم بنانے والی کریمز کا استعمال
جلد کو مضبوط یا مستحکم بنانے والی کریم ڈھلکتی کھال کو ٹائٹ رکھنے کا ایک موثر ذریعہ ہے اور یہ ڈائٹنگ یا حمل کے دوران بہترین نتائج کا باعث بنتی ہے، تاہم ایسی کریمز کا انتخاب کریں جو وٹامن ای، اے اور سی سے بھرپور ہوں تاکہ جلد کو الاسٹک اور مضبوط بننے میں مدد مل سکے۔
کولاجن کریمز کا استعمال
کولاجن کریم خاص طور پر وزن میں کمی کے بعد ڈھلک جانے والی جلد کے لیے ہوتی ہے، اگرچہ یہ کافی مہنگی ہوتی ہے مگر یہ بہت موثر ثابت ہوتی ہے اور یہ جلد کو ٹائٹ کرنے کے ساتھ زیادہ نرم و ملائم بھی کردیتی ہے۔
وزن اٹھانا
وزن اٹھانا جلد کو ٹائٹ کرنے اور وزن میں کمی کے بعد کشش کو بڑھانے کا یقینی طریقہ ہے کیونکہ وزن اٹھانے سے جلد کے اندر مسلز بنتے ہیں اور جسمانی ساخت بہتر ہوجاتی ہے، اس کے لیے ایک ہفتے میں تین بار پندرہ منٹ تک وزن اٹھانا بھی کافی ثابت ہوتا ہے۔
نمی برقرار رکھنا
صحت مند جلد کو مسلسل نمی کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ روزانہ آٹھ گلاس پانی کا استعمال کیا جائے تاکہ جلد کی نمی برقرار رہے، وہ صحت مند ہو اور کم وقت میں ٹائٹ ہوسکے۔
یوگا کی مشق
یوگا جسم کو متناسب، لچکدار رکھنے اور ذہنی تناﺅ میں کمی لاتا ہے، اس کے لیے کلاس بھی لی جاسکتی ہے اور گھر پر بھی اس کی مشق کی جاسکتی ہے، یوگا کی مشقوں سے چند ہفتے بعد ہی آپ اس کے نتائج دیکھ کر حیران رہ جائیں گے کیونکہ اس سے جلد ٹائٹ ہونے کے ساتھ لچکدار بھی ہوجاتی ہے۔
کم چربی والے پروٹین کا استعمال بڑھانا
کم چربی والے گوشت پر مشتمل پروٹین کا استعمال جسمانی وزن میں کمی کے بعد ڈھلک جانے والی جلد ٹائٹ ہوتی ہے کیونکہ اس سے مسلز بننے میں مدد ملتی ہے اور آپ جسمانی طور پر زیادہ متناسب بنتے ہیں۔
تیل کا مساج
مساج جلد کو ٹائٹ رکھنے کے لیے ضروری ہے کیونکہ اس سے متعلقہ حصے میں خون کی روانی بڑھانے میں مدد ملتی ہے اور بتدریج جلد صحت مند ہونے لگتی ہے، کیسٹر آئل، ناریل کے تیل، زیتون کے تیل اور لیونڈر آئل کو ملا کر استعمال کرنے سے اس مقصد میں تیزی سے کامیابی میں مدد ملتی ہے کیونکہ یہ گہرائی میں جذب ہوکر جلد کی نمی اور چمک کو بحال کرتے ہیں۔