کیل مہاسوں سے نجات پائیے

Advertisement

چہرے کے داغ دھبوں اور دانوں سے پریشان لڑکیاں مختلف کریموں کا سہارا لیتی نظر آتی ہیں جس سے انہیں وقتی طور پر تو آرام مل جاتا ہے، لیکن مستقل اس سے پیچھا نہیں چھڑایا جا سکتا، یہ منہگی اور قیمتی مصنوعات نہ صرف جیب پر بھاری پڑتی ہیں، بلکہ ان کا دیرپا اثر بھی نہیں ہوتا، لیکن کیوں کہ اکثر خواتین وقت کی کمی کا رونا روتے ہوئے ایسی بازاری اشیا کو چہرے کی جلد کے لیے استعمال کرتی ہیں۔
ان کا کہنا ہوتا ہے کہ قدرتی اشیا سے استفادہ کرنا ایک زحمت طلب کام ہے۔ یہ سراسر غلط تاثر ہے۔ اگر تھوڑی محنت کر لی جائے، تو جلد ہی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ وہ کون سی ایسی قدرتی اشیا ہیں، جو ہماری جلد کے لے بہترین ثابت ہوتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ ہر موسم اور ہر قسم کی جلد کے لیے سودمند ہوتی ہیں۔

باسل Basil
یہ ایک جراثیم کُش جڑی بوٹی ہے۔ چہرے پر اس کا استعمال کیل مہاسوں اور دانوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ دوران خون بہتر ہوتا ہے اور چہرے پر نکھار آتا ہے۔ باسل کے چند پتوں کو پانی میں پندرہ منٹ تک ابال لیں اور پھر اسے ٹھنڈا کر کے فریج میں رکھ دیں۔ کاٹن بال یا روئی کی مدد سے اسے دن میں دو مرتبہ اپنے چہرے پر لگائیں، بہت کم عرصے میں آپ اپنے چہرے پر اس کے حیرت انگیز نتائج دیکھیں گی۔ اس کے علاوہ باسل کے چند پتوں کو صاف کر کے اسے کچل لیں اور اس کو ہاتھوں سے دبا کر رس نکال لیں اور پھر روئی کی مدد سے یہ رس اپنے دانوں پر لگائیں۔

نیم
یوں تو نیم کے  بے شمار فوائد ہیں، لیکن یہ چہرے کے لیے  بھی ہر لحاظ سے بہترین  ہے۔ نیم بھی چہرے کے داغ دھبے اور دانوں کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ نیم کے چند خشک پتوں کو پیس کر سفوف کی شکل دے لیں، پھر اس میں عرق گلاب یا پانی ملا کر اپنے چہرے پر لگائیں اور چند منٹ کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ یہ ہر قسم کے کیل مہاسوں کے لیے  فائدہ مند ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ بازار میں نیم کا تیل بھی دست یاب ہے۔ اسے روزانہ رات کو اپنے چہرے پر لگائیں اور صبح ٹھنڈے پانی سے منہ دھولیں تو جلد ہی اس کے مثبت نتائج دیکھیں گی۔

لیونڈر lavender
لینونڈر کا شمارخوش بو دار نباتات میں ہوتا ہے۔ اس کا تیل ہر قسم کے دانوں کے لیے  فائدہ مند ہوتا ہے۔ چند قطرے لیونڈر کا تیل عرق گلاب کے ساتھ ملا کے لگائیں۔ اسے روزانہ استعمال کرنے سے چہرے پر سرخ اور سفید دانوں کے ساتھ ان کے نشانات بھی ختم ہو جاتے ہیں۔ ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ لیونڈر تیل کے تیز اثرات کو معتدل بنانے کے لیے اس میں تیل، پانی یا پھر عرق گلاب ملا کے لگانا ضروری ہے۔ اگر آپ اس کے چند قطرے اپنے روزانہ کے موئسچرائزر میں شامل کر لیں، تو اس کا آپ کی جلد پر اچھا اثر پڑے گا۔

ہرا دھنیہ
ایک اور قدرتی جڑی بوٹی ہے، جو چہرے کے دانوں کے ساتھ بلیک ہیڈز صاف کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ دھنیے کی چند پتیوں کو ہاتھوں کی مدد سے پیس لیں اور اس کا رس اپنے چہرے پر لگائیں۔ چند قطرے لیموں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ  آمیزہ دانوں کے لیے  اکسیر ہے۔ اگر آپ چاہیں، تو دھنیے کو ابال لیں اور ٹھنڈا ہونے پر اسے پیس کر اپنے چہرے پر لگالیں۔ دس سے پندرہ منٹ کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں۔

ایلوویرا
جلد اور زیبائشی اشیا کے حوالے سے یہ جڑی بوٹی خاصی نمایاں ہے۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ کہ چہرے کی جلد کو صحت مند رکھتی ہے اور دانوں اور مہاسوں کے نشانات بھی مٹا دیتی ہے۔ ایلو ویرا کا رس یا جیل بازار میں بہ آسانی دست یاب ہے۔ اس کے علاوہ ایلوویروا کے پتوں کو درمیان سے کاٹ کر اس کا گودا نکال لیں اور چہرے پر پندر ہ منٹ تک لگائے رکھیں، پھر ہلکے یا نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

سبز چائے
سبز چائے کا روزانہ استعمال مختلف بیماریوں سے ہی محفوظ نہیں رکھتا، بلکہ ہماری جلد پر اس کے مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ سبز چائے کے استعمال شدہ ’’ٹی بیگز‘‘ کو ٹھنڈا ہونے کے بعد چہرے کے دانوں پر لگائے رکھیں اور 10 سے 15 منٹ تک متاثرہ جگہ کا مساج کریں تو یہ بھی کافی اچھا رہتا ہے۔

بیکنگ سوڈا
بیکنگ کے لیے استعمال کیا جانے والا سوڈا ہماری جلد کے لیے  حیرت انگیز نتائج دیتا ہے۔ اگر اسے ماسک کے طور پر لگایا جائے، تو جھریوں سے بچاتا ہے اور ہماری جلد چمک دار اور تنی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ اس کے علاوہ اسے کلینزنگ کے لیے  بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ چہرے پر کتنا ہی پرانا داغ یا نشان کیوں نہ ہو اس کے لگانے سے ختم ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے دو سے تین چائے کے چمچے بیکنگ سوڈے کو پانی میں ملا لیں اور اسے چہرے پر دس سے پندرہ منٹ کے لیے لگائیں۔ روزانہ استعمال کرنے پر آپ اس کا دورانیہ بڑھا سکتی ہیں اور جب آپ اس کے نتائج اپنے چہرے پر دیکھیں گی تو خود ہی حیران رہ جائیں گی۔