مردوں کے پسینے کی خوشبو خواتین کا موڈ اچھا کر دیتی ہے - یونیورسٹی آف پنسلوانیا کی ایک تازہ تحقیق
بوسٹن (نیوز ڈیسک) عموماً یہ سمجھا جاتا ہے کہ صنف مخالف کو متاثر کرنے میں شکل و صورت، ظاہری خدوخال اور کردار جیسی باتیں ہی اہم کردار ادا کرتی ہیں لیکن دراصل یہ معاملہ بہت پیچیدہ ہے اور کچھ ایسے عوامل بھی نہایت اہم ہیں کہ جن کو ہم نے کبھی اہمیت ہی نہیں دی۔
امریکہ میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا کی ایک تازہ تحقیق نے بھی ایسا ہی حیران کن انکشاف کیا ہے۔ سائنسدانوں نے 25 سے 45 سال کی 18 خواتین پر تجربات کے بعد معلوم کیا کہ مردوں کے پسینے کی خوشبو خواتین کا موڈ اچھا کر دیتی ہے۔ ان کا ذہنی تناؤ کم ہو جاتا ہے۔ سکون و اطمینان کا احساس پیدا ہوتا ہے اور یہاں تک کہ ایام پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ان تجربات میں مردوں کے پسینے کے نمونے لے کر انہیں خواتین کے بالائی ہونٹ کے اوپر ملا گیا تاکہ وہ باآسانی اس کی خوشبو سونگھ سکیں۔ خواتین کو اس مادے کی اصلیت کے بارے میں بے خبر رکھا گیا تھا۔ چھ گھنٹے کے دورانئے میں خواتین نے موڈ میں بہتریا ور ذہنی و جسمانی آسودگی کے محسوسات بیان کئے۔ طویل تجربات کے دوران خواتین نے مخصوص ایام کے دوران بھی اوقات کی باقاعدگی اور تکلیف کی کمی بیان کی۔ یہ تحقیق جون میں سائنسی جریدے ’’بائیولوجی آف ریپروڈکشن‘‘ میں شائع کی جائے گی لیکن جریدے کی ویب سائٹ پر اس کے اہم نکات شائع کر دیئے گئے ہیں۔