خبر دار. ٹریفک سگنلز پر بار بار رکنا آپ کی جان بھی لے سکتاہے
دوران سفر اشارے پر رکنا کوفت کا باعث تو ہوتا ہی ہے لیکن ایک نئی برطانوی تحقیق کے مطابق یہ صحت کیلئے بھی نہایت نقصان دہ ہے۔
یونیورسٹی آف سرے کی تحقیق کے مطابق اشاروں پر فضائی آلودگی سڑک کے دیگر حصوں کی نسبت تقریباً 30 گنا زیادہ ہوتی ہے اور یوں اگرچہ آپ مختصر وقت کیلئے اشارے پر رکتے ہیں لیکن اس دوران سارے دن کی فضائی آلودگی 25 فیصد اکٹھا کر لیتے ہیں۔ تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ رفتار اچانک کم کر کے رکنا اور پھر اچانک رفتار بڑھاتے ہوئے چلنا (جبکہ رکنے کے دوران آپ دھوئیں کے اخراج کے بالکل پاس کھڑے ہوتے ہیں) زیادہ آگودلی کے اخراج کا سبب بنتا ہے۔ سڑکوں پر گاڑیوں کے تیزی سے رواں ہونے سے مضر صحت دھواں بھی تیزی سے منتشر ہوتا ہے مگر اشارے پر سینکڑوں گاڑیوں کا دھواں ایک ہی جگہ پر جمع ہوتا ہے جس کے باعث آلودگی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کوشش کریں کہ وہ راستہ استعمال کریں جس پر کم رکنا پڑے، جب رکیں تو کوشش کریں کہ اگلی گاڑی سے فاصلہ رکھ کر کھڑے ہوں تاکہ آپ خارج ہوتے دھوئیں کے عین سامنے نہ ہوں، اگر گاڑی میں ہیں تو اس کے شیشے اور اگر موٹر سائیکل پر ہیں تو ہیلمٹ کا شیشہ بند رکھیں۔ پیدل سڑک کراس کرنے والے بھی کوشش کریں کہ چوراہوں وغیرہ سے ہٹ کر سڑک پار کریں۔