کافی, دل کے دورے سے بچاﺅ کا آسان نسخہ

Advertisement

دل کا دورہ دنیا بھر میں اموات کی بڑی طبی وجوہات میں سے ایک ہے تاہم اس جان لیوا مرض سے بچاﺅ کا نسخہ بہت آسان اور آپ کے ہاتھوں میں ہے اور وہ ہے گرما گرم کافی کا استعمال۔ ایسا دعویٰ جنوبی کوریا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

سیول کے کانگ بک سام سنگ ہسپتال کی تحقیق کے مطابق دن بھر میں تین سے پانچ کپ کافی کا استعمال شریانوں میں خون کے جمنے کا خطرہ کم کردیتا ہے جو کہ دل کے دورے کا باعث بنتا ہے۔

محققین کے مطابق معتدل مقدار میں کافی کا استعمال شریانوں کے اندر نقصان دہ کیلشیئم کا امکان کردیتا ہے جو کہ امراض قلب کا عندیہ ہوتا ہے۔ اس کیلشیم کی مقدار بڑھنے سے خون کی شریانیں سخت اور تنگ ہوجاتی ہیں اور لوتھڑے بننے لگتے ہیں جس سے دل کے دورے یا فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

پچیس ہزار مرد و خواتین پر ہونے والی تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ روزانہ دو کپ کافی کے استعمال سے اس کیلشیم کی مقدار بڑھنے کا خطرہ اوسطاً 13.4 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جبکہ تین اور پانچ کپوں میں یہ اوسط مزید بڑھ جاتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ ہماری تحقیق سے اندازہ ہوتا ہے کہ کافی کا استعمال امراض قلب کے اثرات کو کم کردیتا ہے تاہم اس کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ دل کی شریانوں کے امراض پر اس کے بائیولوجیکل اثرات کا تعین کیا جاسکے۔