وہ مشروب جو دنیا بھر کی سپر ماڈلز خوبصورت اور جوان نظر آنے کے لیے باقاعدگی سے استعمال کرتی ہیں
برمنگھم (نیوز ڈیسک) مغرب میں آج کل ایک دیسی خوراک نے انتہائی مقبولیت حاصل کرلی ہے اور ماہرین غذائیات بھی اسے جسم کے نشوونما اور ہڈیوں کو طاقتور بنانے کے لئے بہترین غذا قرار دے رہے ہیں۔
برطانیہ میں شہرت رکھنے والی مقبول سلیبرٹی شیف جیسمین اینڈ ملیسا ہیمسلی کی طرف سے ہڈیوں کا سوپ متعارف کروایا گیا ہے جو کہ بیف، مٹن یا چکن کی ہڈیوں کو 24 گھنٹوں تک پکا کر تیار کیا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سوپ پروٹین کے بنیادی اجزاءامائنو ایسڈ سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں کیلشیم اور کولیجن بھی بکثرت پایا جاتا ہے اور اسے پینے والے ناصرف متعدد بیماریوں اور خصوصاً جوڑوں کے درد سے محفوظ رہتے ہیں بلکہ ان کے ناخن، بال اور جلد بھی چمکدار اور صحت مند ہوجاتے ہیں۔ اس سوپ کے ایک پیالے میں صرف 86 ہرارے ہوتے ہیں اور یوں یہ بہترین غذا ہونے کے علاوہ موٹاپے سے نجات کا بھی بہترین نسخہ ہے۔
اسے بنانے کے لئے دو سے تین کلوگرام ہڈیاں، تقریباً دو پیاز کچھ گاجریں، تھوڑا سا سرکہ اور حسب ذائقہ دیگر مصالحہ جات پانی میں ڈال کر چوبیس گھنٹے کے لئے آگ پر رکھے جاتے ہیں اور یہ بہترین سوپ تیار ہوجاتا ہے۔ یہ دیسی سوپ مغرب کے مشہور ترین فنکاروں اور فلمی ستاروں میں بھی بہت مقبولیت حاصل کرچکا ہے۔