بڑھے پیٹ کو کم کرنے کی 3 آسان ورزشیں
مصروف ترین زندگی میں عام طور پر لوگ ورزش یا واک کے نام سے گھبرا جاتے ہیں اور وقت کی کمی کے باعث ورزش کے لیے وقت نہیں نکال پاتے لیکن آپ اب گھر میں رہ کر بھی صرف 20 منٹ میں ایسی ورزشیں کرسکتے ہیں جس سے آپ اپنے پیٹ کو کم کرکے اسمارٹ نظر آسکتے ہیں۔
بائسیکل ایرنچ:
اس ورزش کے لیے آپ زمین پر سیدھا لیٹ جائیں اور اپنے دونوں ہاتھ سر کے پیچھے لے جائیں اب اپنی دائیں ٹانگ کو 45 کے زاویے پر اس طرح موڑ یں کہ آپ کا گھٹنہ سینے کے قریب آجائے اس دوران بائیں ٹانگ سیدھی رہے اس کے بعد اپنے جسم کے اوپری حصے کو اس طرح گھمائیں کہ بائیں کہنی سیدھے گھٹنے سے ٹکرائے اور پھر یہی عمل دائیں ٹانگ کے ساتھ دہرائیں۔ اس مشق کو ایک منٹ تک کریں اور دن میں تین بار دہرائیں۔
دی بوٹ:
اس ورزش کے لیے آپ زمین پر بیٹھ جائیں اور گھٹنے موڑ لیں جب کہ پاؤں سیدھے رکھیں، اپنی ٹانگوں کو اس طرح پھیلائیں کہ آپ کا جسم 90 ڈگری کا زاویہ بنائے۔ اپنے بازو کو کندھوں تک پھیلاتے ہوئے گھنٹوں کے پاس سے گزاریں، پانچ لمبی سانسیں لیں اور واپس اپنی اصل پوزیشن پر لے آئیں، اس ورزش کو دن میں 5 مرتبہ دہرائیں۔
دی پلینک:
اس ورزش کے لیے ضروری ہے کہ آپ زمین پر الٹے لیٹ جائیں اب آپ خود کو اپنے پنجوں اور بازوؤں کے بل پر اوپر کی جانب اٹھائیں اوراس دوران کہنی 90 ڈگری کے زاویے پر مڑ جائے جب کہ اس دوران اپنے پیٹ اور اوپری حصے کو سخت کرلیں اور ٹانگیں بالکل سیدھی رہیں۔ آپ اس حالت میں 10 سیکنڈ تک رہیں اور رفتہ رفتہ دورانیہ 40 سیکنڈ تک لے جائیں۔ اس ورزش کو دن میں 3 مرتنہ دہرائیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان 3 ورزشوں اور20 منٹ کی روزانہ واک آپ سے پیٹ کو کم کر کے پرکشش بنادیتی ہے۔