اب موبائل فون کی مدد سے خطرناک بیماریوں کی تشخیص محض 15 منٹ میں ممکن

Advertisement
وسٹن (نیوز ڈیسک) ایڈز اور آتشک وہ خوفناک بیماریاں ہیں کہ ان کی تشخیص ہمیشہ سے بڑا مسئلہ رہا ہے مگر اب موبائل فون کی مدد سے ان خطرناک بیماریوں کی تشخیص محض 15 منٹ میں ممکن ہوسکے۔

یونیورسٹی آف کولمبیا کے ماہرین نے ایک موبائل فون کٹ ایجاد کی ہے جس میں ایک ایپ بھی شامل ہے جو خون کا نمونہ لے کر 15منٹ کے اندر ایڈز اور آتشک جیسی بیماریوں کی تشخیص کرسکتی ہے۔ تشخیص کا یہ طریقہ روایتی طریقے کی نسبت تقریباً 500گنا سستا ہے اور یہ کٹ اور ایپ کسی بھی قسم کے سمارٹ فون یا کمپیوٹر کے ساتھ استعمال کی جاسکتی ہے۔ موبائل کٹ کو برقی رو موبائل فون سے ہی مہیا ہوتی ہے اور یہ خاص طور پر ان ممالک کے لئے نہایت مفید ہے کہ جہاں لوگوں کو ڈاکٹر یا ہسپتال کی سہولت میسر نہیں ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر سیموئل سیا کا کہنا ہے کہ ایک تشخیصی کٹ تقریباً 22برطانوی پاﺅنڈ (تقریباً3500روپے) میں تیار ہوجاتی ہے جبکہ یہی تشخیص کرنے کے لئے استعمال ہونے والی روایتی مشین تقریباً 12ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 19لاکھ روپے) میں تیار ہوتی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جلد ہی اس تشخیصی کٹ کو ترقی پذیر ممالک میں بھی متعارف کروایا جائے گا تاکہ صحت کی سہولت سے محروم علاقوں میں لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس ایپ کی تیاری کے لئے کی گئی تحقیق کو سائنسی جریدے ”سائنس ٹرانسلیشنل میڈیسن“ میں شائع کیا گیا ہے۔